لاہور(نیوز رپورٹر)مسلم یوتھ لیگ کے تحت اسرائیلی مظالم کیخلاف استنبول چوک سے پنجاب اسمبلی تک لبیک یا اقصیٰ ریلی نکالی گئی۔ جس میں شہر بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ غیور شہریوں کی طرف سے لبیک یا اقصیٰ ریلی میں اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کے حق میں فلک شگاف نعرے ۔لبیک یا اقصیٰ ریلی میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے صدر چوہدری محمد سرور، انجینئر عادل خلیق، شیخ عدیل عامر ، ملک اعجاز، حارث ڈار، جبران بٹ ودیگر رہنماو¿ں نے خطاب کیا۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ مسلم حکمران زبانی یکجہتی کی بجائے فلسطین کی آزادی کیلئے عملی اقدامات کریں۔امریکہ برطانیہ انڈیا اسرائیل کی مدد میں آ سکتا ہے تو پاکستان سعودیہ کے قافلے فلسطین کیوں نہیں جاسکتے۔
مسلمان ممالک اپنی فوجیں میدان میں اتاریں۔ غزہ میں پانی اور بجلی کی بندش اسرائیلی عزائم کو ظاہر کرتی ہے۔ عالمی برادری اس کا نوٹس لے۔ حالیہ اسرائیلی جارحیت کے جواب میں فلسطینی مزاحمت کو دہشت گردی قرار دینا سراسر ظلم اور نا انصافی ہے۔ مرکزی مسلم لیگ لاہور کے صدر انجینئر عادل خلیق نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل کی مشرقی وسطیٰ میں لگائی گئی آگ کو نہ روکا تو یہ جنگ پوری دنیا میں پھیلے گی۔بیت المقدس ہمارا قبلہ اول ہے اور اس کی حفاظت کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔