لاہور(نیوز رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا کہ دنیا میں ہر 8 میں سے ایک شخص ذ ہنی بیماری کا شکار ہے۔ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ معاشرے کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ذ ہنی امراض میں مبتلا افراد کی دیکھ بھال اور بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔ذ ہنی امراض کی اقسام، وجوہات ، طبی حل کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے شعبہ سائیکاٹری ڈیپارٹمنٹ جنرل ہسپتال کے زیر اہتمام ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے 2023کا تھیم "Mental Health Is A Universal Human Right" کے عنوان کی مناسبت سے آگاہی لیکچر دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایچ ا و ڈی شعبہ سیکائٹری ڈاکٹرفائزہ اطہر، ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل،ڈاکٹر الطاف قادر، ڈاکٹر اسامہ سمیت ہیلتھ پروفیشنلز، مریض اورلواحقین بڑی تعداد میں موجود تھے۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے کرونا جیسے مسائل سے ڈپریشن اور انگزائٹی کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور 2019کی عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق 970ملین سے زائد افراد دماغی امراض کا شکار ہو چکے ہیں۔ شعبہ سائیکا ٹری کی سربراہ ڈاکٹر فائزہ اطہر نے بتایا کہ دماغی صحت کیلئے مناسب غذائیں، جسمانی ورزش، بھرپور نیند اور صحت مند ماحول ضروری ہے۔ہرہسپتال میں شعبہ نفسیات اور ڈاکٹرز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ پروفیسر الفرید ظفر کی قیادت میں ذ ہنی صحت اور اس سے متعلق امور پر مشتمل مریضوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔