لاہور(لیڈی رپورٹر) وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ جسمانی صحت کے ساتھ ذہنی صحت کاخیال رکھنابھی ضروری ہے اور ذہنی بیماریوں کا علاج کرواتے ہوئے بالکل بھی نہیں جھجکنا چاہیے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار کلینیکل سائیکالوجی کے زیر اہتمام ذہنی صحت کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ آگاہی واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سنٹر فار کلینکل سائیکالوجی پروفیسر ڈاکٹر صائمہ دائود، اساتذہ اور طلبائو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ لوگوں کوسماجی، معاشی و جذباتی مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پر توکل ہو تو ذہنی تنائو کم جاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں سٹریس سے نمٹنے کے لئے علاج کی سہولیات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرفار کلینیکل سائیکالوجی کے طلبائوطالبات اپنی ڈگری کو عوامی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کریں اورذہنی صحت سے متعلق معاشرے میں آگاہی پیدا کریں۔