لاہور(خصوصی نامہ نگار )منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ نوجوان اپنی توانائیاں خدمت دین اور تعمیر وطن پر صرف کریں۔ وہی قوم عروج پاتی ہے جو جدید تعلیم سے آراستہ نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو برئوے کار لا کر ٹیکنالوجی کو فروغ دیتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 30ویں یومِ تاسیس پر منعقدہ قومی طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ طلبہ کنونشن میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ چودھری عرفان یوسف، مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ شیخ فرحان عزیز سمیت دیگر رہنمائوںنے شرکت کی۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن، پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے طلبہ کو علم اور قلم کا زیور دیا اور انہیں کتاب سے محبت کرنا سکھایا ہے۔ انہوں نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی مرکزی ٹیم، موجودہ و سابقہ جملہ ذمہ داران، کارکنان اور قائدین کو یوم تاسیس کی مبارکباد دی۔