ایف بی آرصنعتی یونٹس پر چھاپے مارکرکاروباری ماحول خراب کررہا :میاں ابوذر شاد

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے صنعتی یونٹس پر جاری چھاپوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلز ٹیکس چوری کے نام پر ایف بی آر انڈسٹریل یونٹس پر بلاوجہ چھاپے مار کر ٹیکس دہندگان کو پریشان اور کاروباری ماحول خراب کررہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیں۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ ایف بی آر بغیر کسی نوٹس کے چھاپے مار رہا   اور انویسٹی گیشن کے بغیر ایف آئی آر درج کر رہا ہے جبکہ چیف فنانشل آفیسرز سے غیر منطقی حلف نامے مانگ رہا ہے جن میں مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ اس بات کی ضمانت دیں کہ انکے تمام خریدار اور سپلائرز حتیٰ کہ ان کی وسیع نیٹ ورک کے تمام افراد بھی قوانین کی مکمل پاسداری کر رہے ہیں۔ میاں ابوذر شاد نے اس شرط کو ناقابل عمل قرار دیا ہے۔ انہوں نے  کہا یہ سلسلہ جاری رہا تو حکومتی معاشی بحالی کی کوششوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کی پالیسیوں کو سخت دھچکا لگے گا۔

ای پیپر دی نیشن