لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف ملتان میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز 5 وکٹوں پر 259 رنز بنالئے۔پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ دوسرے میچ میں اننگز کا آغاز کرنیوالے عبداللہ شفیق ایک بار پھر ناکام رہے، جیک لیچ نے عبداللہ کو 7 رنز پر کلین بولڈ کردیا۔ کپتان شان مسعود 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔صائم ایوب 77 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔سعود شکیل بیٹنگ کیلئے آئے لیکن 4 رنز بناکر چلتے بنے۔کامران غلام نے ڈیبیو میچ میں سنچری بنائی۔ وہ 118 رنز بنا کر شعیب بشیر کا نشانہ بنے۔محمد رضوان 37اور سلمان علی آغا 5رنز بناکر موجود ہیں ۔ دونوں دوسرے دن کے کھیل کاآغاز کریں گے ۔ جیک لیچ نے 2، برائیڈن کرس، میٹ پوٹس اور شعیب بشیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی بیٹر کامران غلام ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری کرنیوالے 13 ویں پاکستانی بیٹر بن گئے۔ملتان کامران غلام نے سنچری بنا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ڈیبیو ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے خالد عباداللہ، جاوید میانداد، سلیم ملک، محمد وسیم ، علی نقوی، اظہر محمود ،یونس خان ، توفیق عمر بھی سنچری بناچکے ہیں۔یاسر حمید ڈیبیو پر دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے واحد پاکستانی ہیں۔