لاہور (نیوز رپورٹر)پنجاب کے بوگس اسلحہ لائسنس ڈیلرز محکمہ داخلہ کے ریڈار پر آ گئے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب کے حکم پر لاہور کے 9 بوگس اسلحہ ڈیلرز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس نے کارروائی کا آغاز کر دیا۔ جعلی اسلحہ ڈیلرز کیخلاف ایف آئی آر پنجاب آرمز آرڈیننس 1965کے تحت درج کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے مقدمے کے اندراج سے قبل اسلحہ ڈیلرز کیخلاف باضابط انکوائری مکمل کی ۔جس میں واضح ثبوتوں کی دستیابی پر بوگس اسلحہ لائسنس کے حامل 9 اسلحہ ڈیلرز کیخلاف اولین مقدمہ درج کیا گیا ۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق ملزموں نے جعلی دستاویزات تیار کیے اور جعلی لا ئسنس پر اسلحہ فروخت کیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے بوگس لائسنس پر اسلحے کی فروخت کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوگس اسلحہ لائسنس اور جعلی ڈیلرز کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ بوگس لائسنس کے حامل اسلحہ ڈیلرز کی شناخت پر انکوائری کا دائرہ وسیع کر دیا گیا اور پنجاب بھر کے اسلحہ ڈیلرز کے دستاویزات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ جعلی لائیسنس پر لاہور میں اسلحے کی فروخت پر انگلش آرمز کمپنی، ایلے برادرز آرمز اینڈ ایمونیشن، قاسم آرمز سٹور، نیشنل رائفلز، اومیگا انٹرپرائزز، امین برادرز، آؤٹ ڈور ریسورس، ایم ایس موکل اور شہباز محیی الدین آرمز کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
لاہور کے 9 بوگس اسلحہ ڈیلرز کیخلاف مقدمہ پنجاب آرمز آرڈیننس1965کے تحت درج
Oct 16, 2024