لاہور (نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں ممبر صوبائی اسمبلی سلمی ہاشمی کی قیادت میں ڈان سینڈروم ایسوسی ایشن پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ خصوصی بچوں کی دیکھ بھال کرنا اورانہیں تعلیم و تربیت سے آراستہ کرنا کسی نیکی سے کم نہیں۔ گورنر پنجاب نے ڈان سینڈروم ایسوسی ایشن کے ڈان سنڈروم بچوں کی شمالیاتی (inclusive) ماحول میں تعلیم و تربیت کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ ڈان سنڈروم میں مبتلا بچوں کو اچھی تعلیم و تربیت دے کر معاشرے کا فعال رکن بنایا جا سکتا ہے۔ اس طرح کے ادارے جو انسانیت کی خدمت کررہے ہیں کی ہر طرح سے حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔ گورنر پنجاب نے وفد کو ڈان سنڈروم ایسوسی ایشن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراِئی۔ ممبر صوبائی اسمبلی سلمی ہاشمی نے گورنر پنجاب کو ڈان سینڈروم ایسوسی ایشن پاکستان کی ڈان سنڈروم میں مبتلا بچوں کو شمالیاتی تعلیم دینے اور انہیں معاشرے کا کارآمد حصہ بنانے کے لیے کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم بھی ترقی یافتہ ممالک کی طرح اپنے ڈائون سنڈروم والے بچوں کو inclusive ماحول میں پروان چڑھائیں اور انہیں بہترین تعلیم و تربیت دیتے ہوئے معاشرے کے نہایت فعال ارکان بنائیں۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے وفد کے ہمراہ گورنر ہائوس میں یادگار کے طور پر پودا بھی لگایا۔ وفد میں میجر (ر) انجم افروز رانا، سماجی کارکن مریم اعجاز اور ڈاون سینڈروم والے بچے شامل تھے۔