لاہور (خبرنگار) ایف آئی اے سپیشل کورٹ نے شہریوں سے اربوں روپے لوٹنے والے نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے ملزم مالکان کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا حکم دیا۔ فاضل عدالت نے ملزمان کے بنک اکائونٹس، شناختی کارڈز بلاک کرنے کا بھی حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت میں ایف آئی اے کی جانب سے رپورٹ جمع کرائی گئی اور بتایا گیا کہ ملزمان کے شناختی کارڈز، بنک اکائونٹس سر بمہر کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو مراسلے بجھوا دیئے گئے ہیں۔ ملزم محمد سرور کے کچھ بنک اکائونٹس منجمند کر دیئے گئے ہیں جبکہ ملزموں کے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں بھی شامل کر لیے گئے ہیں۔ ڈی جی نادرا کی جانب سے ملزموں کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کے حوالے سے رپورٹ پیش نہ کی گئی۔ عدالت نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے عمران بھٹی کو ہدایت کی وہ ملزموں کے بنک اکائونٹس سیل کرنے اور دیگر اقدامات کے حوالے سے رپورٹ 22اکتوبر کو عدالت میں پیش کریں۔ ڈی جی نادرا کی عمل درآمد رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کریں۔ عدالت میں موجود ملزم کو آئندہ عدالت میں پیش ہونے کیلئے پچاس ہزار روپے مالیت کا ضمانت نامہ داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دور ان سماعت ملزم سرور، ولید سرور کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ دو ملزم مریم شاہد اور طلحہ ترکی میں ہیں جنہیں تفتیش میں شامل ہونے کیلئے نوٹس جاری کیا گیا اور ساتھ ہی ملزموں کو تفتیش میں شامل نہ ہونے پر ان کے بینک اکائونٹس، قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے لیے نادرا کو لکھا گیا ہے لیکن تاحال ڈ ائریکٹر جنرل نادرا کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ اس مقصد کیلئے ڈائریکٹر جنرل نادرا سے دوبارہ رجوع کریں۔ عدالت کو تفتیشی افسر نے بتایا کہ عدالت میں موجود ملزم بار بار طلب کیے جانے کے باوجود شامل تفتیش نہیں ہورہا جس پر عدالت نے ملزم کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے اور عدالت مین پیش ہونے کیلئے پچاس ہزار روپے کے ضمانت نامے جمع کروانے کی ہدایت کی۔ شکایت کنندہ نے ملزمان پر منی لانڈرنگ، انسانی سمگلنگ اور قسطوں پر پلاٹس دے کر مالی طور پر دھوکہ دہی کے الزامات عائد کئے ہیں۔