اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار ) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ گزشتہ شام چار بجے دو ڈاکٹروں نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کیا، ڈاکٹروں میں ای این ٹی اور میڈیکل سپیشلسٹ شامل تھے۔ ہمیں بتایا گیا ہے بانی پی ٹی آئی صحتمند ہیں، بانی پی ٹی آئی نے ایک گھنٹہ ورزش کی ہمیں جلد بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس مل جائیں گی تو شیئر کریں گے۔ کارکنوں کا شکر گزار ہوں جو بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق فکرمند تھے۔ ذرائع کے مطابق پمز ہسپتال کے ڈاکٹروں کی دو رکنی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا۔اسلام آباد سے خبر نگار کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران احمد نیازی کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ ڈاکٹرز نے انہیں مکمل صحت یاب قرار دیدیا پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم نے انکا طبی معائنہ کیا میڈیکل رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران احمد نیازی کا سنٹرل جیل اڈیالہ میں منگل مورخہ 15اکتوبر سہ پہر ساڑھے چار طبی معائنہ ہوا جس میں انہیں مکمل ایکٹیو پایا گیا انکا بلڈ پریشراور باڈی ٹمپریچر بھی نارمل پایا گیا جبکہ انکی جانب سے معدے کی تیزابیت کی شکایت پر انہیں معدے کی ادویات پہلے ہی سے دی جا رہی ہیں اوربڑھتی عمر کیوجہ سے انہیں کانوں میں شور کا شکایت بھی گزشتہ کئی ماہ سے سامنہ ہے اور کوئی نئی بیماری کی علامات نہیں پائی گئی ہیں رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران احمد نیازی مکمل صحت یاب ہیں اور انہیں فی الوقت کسی قسم کی میڈیکیشن کی ضرورت نہیں ہے۔