یوسف گیلانی، ایاز صادق کی چینی وزیراعظم سے ملاقاتیں، تعلقات کے فروغ پر اتفاق 

اسلام آباد (خبر نگار) چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کی عوامی جمہوریہ چین کے وزیراعظم مسٹر لی کیانگ سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ملاقات ہوئی۔ یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد  کے ہوٹل میں  ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو اور شہید  بے نظیر بھٹو کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل رہا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور خیر سگالی کے جذبے کو فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کو اپنا انتہائی قریبی دوست اور پارٹنر سمجھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہمیں آئرن برادر کہا جاتا ہے، علاقائی سکیورٹی اور امن و استحکام کے قیام  کے لیے دونوں ممالک کے تعاون کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی چین کے وزیراعظم لی کیانگ سے اسلام آباد میں ملے۔ ملاقات میں دونوں ممالک میں پارلیمانی و اقتصادی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں دوست ممالک کے مابین پارلیمانی و اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ سپیکر نے چین کے وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا۔ چین کے وزیراعظم کا حالیہ دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ چین پاکستان کا بااعتماد اور مخلص دوست ہے اور پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی سدا بہار دوستی پر فخر ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے علاقائی تعاون کو فروغ حاصل ہو گا اور علاقائی استحکام کو تقویت ملے گی۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو گا۔ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبہ دونوں ممالک کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے اس منصوبے کی تکمیل سے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ ملاقات میں علاقائی امن اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن