اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کی سمت درست کرنے کیلئے بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ اب اقتصادی ترقی کی رفتار تیز ہو گی اور ملک اقتصادی طور پر مضبوط ہو گا۔ صوبوں میں زرعی انکم ٹیکس کے حوالے سے قانون سازی جنوری 2025ء میں کی جائے گی اور ٹیکس وصولی یکم جولائی 2025ء سے شروع کی جائے گی اور اس حوالے سے ٹائم لائن پر عمل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش کی جائے گی کہ جو چھوٹے کسان ہیں انہیں ٹیکس سے چھوٹ دی جائے، میں اتنا کہنا چاہوں گا کہ جو چیزیں 75 سال سے نہیں ہوئیں، اب ہم وہ کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اب ہم اس سطح پر پہنچ گئے ہیں کہ اگر آپ سیلری کلاس پر ٹیکس بڑھاتے جائیں تو ایک سال تو ہم یہ کر لیں گے، اس سال بھی آپ کی باتیں جائز ہیں لیکن ہم آگے کہاں جائیں گے۔ اقتصادی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔ مہنگائی میں بتدریج کمی ہو رہی ہے، ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح بہت کم ہے، اسے بڑھانا ضروری ہے۔ صوبوں کے ساتھ نیشنل فنانس پیکٹ پر پیشرفت ہو رہی ہے۔ آئی ایم ایف عالمی بنک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کیلئے امریکہ جا رہا ہوں۔