لبنان کی سمت سے اسرائیل پر 50 راکٹ داغے گئے ، حزب اللہ کا صفد پر حملے کا دعویٰ

اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لڑائی کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیلی فوج کے اعلان کے مطابق بدھ کو علی الصبح لبنان کی سمت سے 50 راکٹ شمالی اسرائیل کی جانب داغے گئے۔فوج نے اپنے بیان میں مزید بتایا کہ بعض راکٹوں کو فضا میں روک دیا گیا جب کہ دیگر راکٹ علاقے میں گرے۔ادھر حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے شمالی اسرائیل میں واقع شہر صفد پر راکٹوں کی بارش کر دی۔ العربیہ کے نمائندے کے مطابق حزب اللہ نے دو یہودی بستیوں دلتون اور دیشون میں اسرائیلی توپوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔اس سے قبل منگل کی شام اسرائیلی فوج نے اعلان کیا تھا کہ سرحد کے راستے لبنان سے اسرائیل آنے والے دو ڈرون طیاروں کا پتا لگا کر انھیں فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔دوسری جانب لبنانی وزارت صحت منگل کی شام بتایا کہ جنوبی لبنان میں کئی دیہات پر اسرائیلی حملوں میں 9 افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں 3 بچے شامل ہیں۔یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 23 ستمبر سے اسرائیل نے حزب اللہ کے خلاف اپنی مہم تیز کر دی۔ اس دوران میں لبنان کے جنوبی علاقوں، بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے الضاحیہ، مشرقی علاقے البقاع اور شمالی حصے پر شدید فضائی حملے کیے گئے۔اسی طرح اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں کئی قصبوں میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ اسرائیل نے اسے "محدود زمینی آپریشن" قرار دیا ہے۔ستمبر کے آخری ہفتے کے آغاز سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 1300 سے زیادہ شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ گذشتہ برس 8 اکتوبر (2023) سے حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں 12 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔ ان میں اکثریت نے گذشتہ تین ہفتوں کے دوران میں اپنے گھروں کو چھوڑا۔

ای پیپر دی نیشن