آئینی ترامیم پر اتفاق کی سوچ اور جذبہ جمہوریت اور  پارلیمان کی بالادستی کو مزید مضبوط کرے گا:شیری رحمان

Oct 16, 2024 | 17:24

ویب ڈیسک

پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹرشیری رحمان نے آئینی ترامیم پر ابتدائی اتفاق اور مشاورت سے مزید آگے بڑھنے کے جذبے کو جمہوریت کی جیت قرار دے دیا۔شیری رحمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے وژن کی سچائی اٹھارہ سال بعد بھی ثابت ہو رہی ہے، امید ہے کہ تمام سیاسی و جمہوری قوتیں قوم کو اتفاق رائے کا تحفہ دیں گی۔انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت کا محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے آغاز کیا. صدر زرداری نے اس پر عمل کرایا.بلاول بھٹو زرداری اٹھارہ سال بعد اس کے ادھورے ایجنڈے کی تکمیل کے عمل کی قیادت کر رہے ہیں۔پی پی کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت کے ادھورا ایجنڈے کو مکمل کرنے میں بلاول بھٹو زرداری تاریخی کردار ادا کر رہے ہیں.بات چیت ہی جمہوریت کی اصل طاقت اور بند دروازے کھولنے کی چابی ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ آئینی ترامیم پر اتفاق کی سوچ اور جذبہ جمہوریت اور  پارلیمان کی بالادستی کو مزید مضبوط کرے گا. نظام عدل کی اصلاح سے کروڑوں پاکستانیوں اور جیلوں میں برسوں سے انصاف کے منتظر قیدیوں کو انصاف کی بروقت فراہمی سے ریلیف مل سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک وقوم، آئین وقانون اور جمہوری اصولوں کے لئے مشترکہ کوشش کرنے والی جمہوری قوتیں اور جماعتیں لائق تحسین ہیں۔

مزیدخبریں