نوشہرہ :علی امین گنڈا پور نے کم لاگت ہاؤسنگ سکیم کا افتتاح کردیا

وزیر اعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے جلوزئی ضلع نوشہرہ کا دورہ کیا اور نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت کم لاگت ہاؤسنگ سکیم کا افتتاح کیا۔خیبر پختونخوا اسمبلی ذرائع نے بتایا کہ کم لاگت ہاؤسنگ سکیم 150 کنال رقبے پر محیط ہے جس کا تخمینہ لاگت 3300 ملین روپے ہے، سکیم کے تحت 1320 کم لاگت اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے، ہر اپارٹمنٹ کا کورڈ ایریا 780 مربع فٹ ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ سکیم سے 50 ہزار روپے سے کم ماہانہ آمدنی والے افراد سکیم سے مستفید ہونے کے اہل ہیں، ہر اپارٹمنٹ پر وفاقی حکومت کی طرف سے 3 لاکھ جبکہ صوبائی حکومت کی طرف سے 4 لاکھ روپے سبسڈی دی گئی ہے۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈا پور نے جلوزئی ہاؤسنگ سکیم میں سپورٹس کمپلیکس کے منصوبے کا بھی افتتاح کر دیا، منصوبے کا تخمینہ لاگت 17 کروڑ روپے ہے، یہ سپورٹس کمپلیکس سکواش کورٹ، فسٹال گراؤنڈ، مصنوعی ٹینس اور باسکٹ بال کورٹس پر مشتمل ہے۔علاوہ ازیں 500 میٹر طویل جاگنگ ٹریک بھی منصوبے میں شامل ہے، سینٹرل پارک کا کل رقبہ 42 کنال، کھیلوں کی سہولیات کے لیے مختص رقبہ 8 کنال ہے۔

ای پیپر دی نیشن