عالمی طاقتیں بھارت سے کشمیریوں پر مظالم کا حساب لیں: پروفیسر نذیر شال

جنیوا (نامہ نگار) کشمیر سنٹر یو کے کے چیف ایگزیکٹو پروفیسر نذیر شال ہیومن رائٹس کمیشن کے 15 ویں سیشن میں شرکت کیلئے جنیوا پہنچ گئے۔ یہاں آمد کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیرمناسب روئیے اور حد سے زیادہ طاقت کے استعمال سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا ایک بازار گرم ہے۔ بھارتی فوج کشمیریوں کے حق خودارادیت کو سبوتاژ کرنے اور انکے حقوق کو چھیننے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے جبکہ اقوام عالم اور عالمی قوانین بھارت کے ظالمانہ قوانین اور حرکات کی اجازت نہیں دیتے۔ ہم اقوام متحدہ کے اجلاس میں انحقائق سے پردہ اٹھائینگے جو بھارت ایک عرصہ سے انسانیت کی دھجیاں بکھیر کر کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے تین ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت کا بازار گرم ہے۔ عالمی طاقتیں بھارت کو انصاف کی عدالت میں کھڑا کرکے ظلم کا حساب لیں اور کشمیریوں کو انصاف دیں۔ اس موقع پر نامور کشمیری لیڈر پی پی پی آزاد کشمیر کے رہنماءمحمد امجد یوسف نے کہا کہ بھارت پاکستان کےخلاف گھناﺅنی سازشوں میں مصروف ہے اور مذاکرات کے عمل کو سبوتاژ کرتا رہتا ہے۔ انہوں نے کشمیر سنٹر برسلز کے کیمپ کا دورہ کیا اور کیمپ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس کیمپ سے بھارتی ظلم و زیادتی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ بھارت بے نقاب ہوگا اور کشمیریوں کو آزادی ملے گی۔

ای پیپر دی نیشن