”صرف کراچی میں امن چاہتے ہیں“ اے این پی‘ متحدہ کا غیر مشروط تلخیاں بھلانے کا اعلان

Sep 16, 2011

سفیر یاؤ جنگ
پشاور / کراچی (وقت نیوز + ریڈیو مانیٹرنگ) اے این پی اور ایم کیو ایم نے غیر مشروط طور پر تلخیاں بھلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف کراچی میں امن چاہتے ہیں۔ وزیراعلی خیبر پی کے امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے معاملے پر ہماری کوئی شرط نہیں ہے ہم صرف کراچی میں امن چاہتے ہیں۔ اب ایم کیو ایم کے ساتھ تلخیوں کا وقت گزر گیا کراچی میں امن و امان کے قیام اور ملکی ترقی کے لئے ہم سب کو آگے کی طرف بڑھنا ہے۔ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے امیر حیدر ہوتی کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی کے ساتھ تلخیاں بھلانے کے لئے ایم کیو ایم کی بھی کوئی شرط نہیں ہے۔ ہم ہر قیمت پر کراچی کا امن چاہتے ہیں۔ کراچی سمیت ملک کا مفاد اسی میں ہے کہ تلخیاں ختم کر دی جائیں اور افہام و تفہیم کی فضا کو فروغ دیا جائے‘ ایک دوسرے کے وجود کو خلوص دل سے تسلیم کیا جائے۔ گورنر سندھ عشرت العباد نے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پی کے اور ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے خیرسگالی پیغامات قابل تحسین ہیں۔ اس سے کراچی میں قیام امن اور یکجہتی کے فروغ میں مدد ملے گی۔ میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے نے کہا ہے کہ ہم کراچی میں امن چاہتے ہیں‘ وزیر اطلاعات خیبر پی کے نے مزید کہا سوال کراچی کی صورتحال سے متعلق تھا جس کا جواب وزیر اعلیٰ نے دیا۔ نوشہرہ میں وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی سے ایم کیو ایم کے متعلق کوئی سوال ہی نہیں کیا گیا۔
مزیدخبریں