لاہور(خبر نگار+اے پی پی) پلڈاٹ پاکستان نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی اور مختلف مسائل پر حکومت کے اقدامات کے حوالے سے عوامی رائے پر مشتمل سروے جاری کیا ہے۔ سروے کے مطابق پاکستان بھر کے عوام سے صوبائی حکومتوں کی کارکردگی اور وزرائے اعلیٰ کے حوالے سے رائے معلوم کی گئی جس میں وزیراعلیٰ شہبازشریف واضح برتری کے ساتھ سر فہرست رہے اور چاروں صوبوں سے مجموعی طور پر 59 فیصد عوام نے انکے حق میں اپنی رائے کا اظہار کیا اور انہیں مقبول ترین وزیراعلیٰ بھی قرار دیا۔ 73 فیصد لوگوں نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کی کارکردگی کو پسند کیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف پنجاب کیساتھ بلوچستان میں بھی مقبول ہےں جبکہ سندھ اورخیبر پی کے میںبھی انہیں غیرمعمولی مقبولیت حاصل ہے۔ اے پی پی کے مطابق پلڈاٹ نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے وفاقی حکومت کی کارکردگی مجموعی طور پر مثبت رہی۔ چاروں صوبوں میں کرائے گئے سروے میں 62 فیصد لوگوں نے حکومتی کارکردگی کو مجموعی طور پر مثبت قرار دیا۔ عوام نے فوج کیساتھ وفاقی حکومت کی ہم آہنگی اور صوبوں میں مختلف جماعتوں کی حکومتوں کو سراہا۔ خارجہ پالیسی کے ایشوز کے حوالے سے وفاقی حکومت کے موقف کی تعریف کی گئی جبکہ بجلی کی قلت دور کرنے کےلئے حکومت کی کارکردگی کو بہتر قرار دیا گیا۔ سروے کے مطابق 62 فیصد لوگوں نے حکومت کے پہلے 100 دن کی کارکردگی پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا جبکہ 32 فیصد نے حکومت کی کارکردگی کو کمزور قرار دیا۔ سروے میں کئی شعبوں میں وفاقی حکومت کی کارکردگی کو بہتر قرار دیا گیا ہے۔ خارجہ پالیسی کے ایشوز‘ امریکہ‘ چین اور بھارت کیساتھ تعلقات کے حوالے سے حکومتی کارکردگی کی شرح 57 فیصد لوگوں کے مطابق مثبت رہی جبکہ 38 فیصد نے اسے منفی قرار دیا۔ سروے کے مطابق وفاقی حکومت کی پارلیمنٹ میں اپوزیشن کیساتھ ہم آہنگی تعلقات کے حوالے سے کارکردگی 59 فیصد لوگوں کے مطابق مثبت رہی۔ بدعنوانی کے خاتمے کے حوالے سے 54 فیصد لوگوں نے حکومتی کارکردگی کو مثبت قرار دیا جبکہ 41 فیصد نے منفی قرار دیا۔ صحت کے شعبہ میں پنجاب حکومت کی کارکردگی سب سے بہتر رہی۔ 49 فیصد لوگوں نے اسے مثبت قرار دیا۔ کے پی کے میں 45 فیصد لوگوں نے صحت کے شعبہ میں حکومت کی کارکردگی کو بہتر بیان کیا۔ سندھ میں یہ شرح 24 فیصد اور بلوچستان میں 33 فیصد رہی۔ سڑکوں کی صفائی کے حوالے سے پنجاب میں شرح 32 فیصد، کے پی کے میں 5 فیصد رہی۔ سندھ اور بلوچستان کی شرح کم ترین رہی۔