پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) جے یو آئی ف کے امیر مولانا فضل الرحمن نے الیکشن کمشن کے نام خط لکھ دیا جس میں تحریک انصاف پر ضمنی انتخابات میں حکومتی مشینری استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے خط میں لکھا ہے کہ تحریک انصاف حلقہ این اے 25 کے ضمنی انتخابات میں حکومتی مشینری استعمال کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے اور کابینہ کے ارکان علاقے کا دورہ کرکے ترقیاتی منصوبوں کے وعدے کر رہے ہیں۔ حلقے میں انتخابی مہم کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کھلے عام استعمال کی جا رہی ہے۔ دریں اثنا سربراہ مولانا فضل الرحمن نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان اور حکومت نے قیدیوں کا تبادلہ کیا ہے۔ طالبان کے حوالے سے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ جلد ہی مذاکرات کے لئے روڈ میپ اور میکنیزم کا اعلان کردیا جائیگا۔ طالبان اور حکومت کے درمیان بات چیت کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کےلئے جاری اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جمعیت علماءاسلام (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ طالبان اور حکومت نے قید یوں کا تبادلہ کیا ہے اور اسی طرح طالبان نے اپنی کارروائیوں کو روک کر مثبت پیغام دیا ہے کہ وہ مذاکرات کی جانب سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت جلد ہی مذاکرات کیلئے روڈ میپ اور میکنزم کا اعلان کریگی۔