اسلام آباد (آن لائن ) پاکستان اور جرمنی نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا ہے جبکہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اس اْمید کا اظہار کیاہے کہ پاک جرمن تعلقات مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے۔ پیر کے روز اسلام آباد میں جرمنی نائب وزیر خارجہ مارکوس ایڈرر اور ان کے وفد کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے اْنہوں نے ملک میں خصوصاََ قابل تجدید توانائی میں جرمنی کی سرمایہ کاری پر زوردیا۔اْنہوں نے کہا کہ ووکیشنل ٹریننگ میں جرمنی کا تعاون بھی قابل قدر ہوگا۔ دریں اثنا پاکستان اور جرمنی کے درمیان سالانہ دوطرفہ سیاسی مشاورت کا دوسرا دور اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے جبکہ جرمنی کے وفد کی قیادت دفتر خارجہ کے سٹیٹ سیکرٹری مارکس ایڈیررر نے کی۔