اسلام آباد (اے این این) سینٹ کمیٹی نے بھارتی آبی جارحیت کو یکسر نظرانداز کردیا۔ پنجاب تاریخ کے بدترین سیلاب میں ڈوبا ہے جبکہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی پانی و بجلی(آج) اس تباہ کاری کو نظرانداز کرکے گرڈ سٹیشنوں اور ٹرانسمیشن لائنوں کا جائزہ لے گی۔ تفصیلات کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کا اجلاس اے این پی کے سینیٹر زاہد خان کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوگا جن کی جماعت شروع دن سے کالا باغ ڈیم کی مخالف ہے ۔کمیٹی کے اجلاس کا ایجنڈا اگرچہ پہلے سے طے شدہ تھا لیکن اس کو تبدیل کرنے کی زحمت محسوس نہیں کی گئی اور آج کمیٹی پنجاب کے عوام کے دکھ اور درد کا مداوا کرنے اور ان سے اظہار ہمدردی کرنے کے بجائے جس ایجنڈے پر غور کرے گی اس میں مالاکنڈ کے 220 کلو واٹ کے گرڈ اسٹیشن کی پراگریس رپورٹ، ژوب ، لورالائی، کوئٹہ ٹرانسمیشن لائن، نیلم جہلم ٹرانسمیشن لائن، گولان گول ٹرانسمیشن لائن اور خیبر پی کے میں ایک 132 کلو واٹ گرڈ اسٹیشن کی تعمیر شامل ہے۔