ہم نے کمر کس لی‘ سیلاب متاثرین کو گھر تعمیر کر کے دینگے : نوازشریف

ملتان (سپیشل رپورٹر) وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف نے کہا ہے متاثرین سیلاب کی بحالی اولین ترجیح ہے۔ اپنی تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں ان کی بحالی پر لگا دینگے۔ متاثرین سیلاب کی ان کے گھروں تک واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پاک فوج‘ نیوی کے جوانوں کے ساتھ پولیس اور دیگر اداروں نے مثالی خدمت کی۔ یہ وقت آپس میں الجھنے کا نہیں بلکہ مل کر سیلاب متاثرین کی امداد کرنے کا ہے۔ تاریخ کے بدترین سیلاب میں تاریخی ایثار و قربانی کی مثال قائم کرنا ہو گی۔ حکومت اور دیگر اداروں کے ساتھ قوم کو انفرادی سطح پر بھی اپنے سیلاب سے متاثرہ بھائیوں کی امداد کے لئے آگے بڑھنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پہنچنے کے بعد شیرشاہ میں قائم ریلیف کیمپوں کے دورہ اور ملتان ائرپورٹ پر وفود سے ملاقات و ضلعی افسران کی بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا اس وقت پاکستان آفت کا شکار ہے میں اور صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف اپنے متاثرہ بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اس آفت سے پہلے ان کو بچائیں گے اور پھر مکمل خشک ہونے کے بعد ان کے گھروں تک ان کو آباد کرائیں گے۔ ان کو ان کے نقصان کا ذرہ ذرہ تک پورا کر کے دیں گے۔ مصیبت کی اس گھڑی میں میں اور مسلم لیگ (ن) کا ایک ایک کارکن سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں۔ متاثرین کے تباہ حال گھروں کو دوبارہ تعمیر کرا کے دیں گے۔ ہم نے کمر کس لی ہے اب متاثرین کی بحالی تک چین نہیں لیں گے۔ کمشنر ملتان نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ ریلے کا ہیڈ اس وقت ہیڈ پنجند جبکہ ٹیل شجاع آباد اور جلالپور تک موجود ہے۔ پل محمد والا اور شیرشاہ پر 5 سے زائد شگاف ڈال کر نہ صرف شہری آبادی بلکہ دیگر کئی اہم بستیوں کو بھی بچا لیا۔ سیلاب سے ملتان کے 2 سو سے زائد دیہات متاثر ہوئے۔ نوازشریف سہ پہر کو ملتان پہنچے اور بذریعہ سڑک ہی شیرشا ہ پہنچ گئے۔ انہوں نے کشتی الٹنے سے ڈوبنے والے باراتیوں کے گھر بھی جانا تھا تاہم سکیورٹی وجوہات کی بناءپر ایسا نہ ہو سکا۔ انہوں نے ڈی سی او ملتان زاہد سلیم گوندل کو سانحہ میں جاں بحق افراد کے لئے ہرممکن مالی امداد کرنے کی ہدایت کی۔ این این آئی کے مطابق نواز شریف نے کہا سیلاب متاثرین کو مکانات تعمیر کرکے دیں گے اور اس عمل کی خود نگرانی کروں گا۔ جب تک سیلاب کے پانی کا آخری قطرہ سمندر میں نہیں چلا جاتا، اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ملتان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد وزیراعظم واپس لاہور پہنچ گئے۔ اے پی پی کے مطابق وزیراعظم نے سیلاب متاثرین سے وعدہ کیا ان کے گھروں کی تعمیرنو یقینی بنائی جائیگی اور تمام لوگوں کی اپنے گھروں کو واپسی تک حکومت بلاتعطل امداد جاری رکھے گی۔ آئی این پی کے مطابق نواز شریف نے کہا مصیبت کی گھڑی میں سیلاب متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، سیلاب متاثرین کے تمام مکانات دوبارہ تعمیر کرکے دئیے جائیں گے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاک فوج اور ریسکیو اداروں کا امدادی کاموں کیلئے مدد کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیراعظم

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...