لاہور (نوائے وقت رپورٹ) این اے 122، پی پی 147 کے ضمنی انتخابات کیلئے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے ہیں۔ این اے 122 میں مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق، تحریک انصاف کے عبدالعلیم خان کے درمیان مقابلہ ہے جبکہ پی پی 147 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار محسن لطیف اور تحریک انصاف کے امیدوار شعیب صدیقی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ الیکشن کمشن نے کہا ہے این اے 122 اور پی پی 147 کے ضمنی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی ہے۔ کاغذات نامزدگی کی منظوری، مسترد ہونے کیخلاف اپیل 17 ستمبر تک کی جا سکے گی۔ اپیلیٹ تھارٹی 19 ستمبر تک ان اپیلوں کو نمٹائے گی۔ قبل ازیں ریٹرننگ آفیسر نے سردار ایاز صادق کے کاغذات نامزدگی کے خلاف تحریک انصاف کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیا۔ ریٹرننگ آفیسر نے ایاز صادق کے خلاف تحریک انصاف اور دیگر امیدواروں کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کو مسترد کر دیا۔ ایاز صادق کے کاغذات پر اعتراض لگایا گیا تھا ایاز صادق الیکشن ٹربیونل کے فیصلہ کے تحت سزا یافتہ ہیں۔ انہوں نے 25 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا نہیں کیا۔ اس لئے انہیں الیکشن لڑنے لیے نا اہل قرار دیا جائے جبکہ ایاز صادق کے وکلاء کا کہنا تھا جو جرمانہ عائد کیا گیا ہے وہ جرمانے کی تعریف میں نہیں آتا وہ دو فریقین کے درمیان لین دین کا معاملہ ہے اس لیے اس پر کسی کو نا اہل قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ریٹرننگ آفیسر نے ایاز صادق کے جواب کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے خلاف اعتراضات کو رد کر دیا۔ اس موقع پر سردار ایازصادق کے صاحبزادے ڈاکٹر علی صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم نے گزشتہ روز بھی کہا تھا عمران خان حلقہ سے کورنگ امیدار ہوتے تو ہم ان کے کاغذات پر اعتراض کرتے ہم ان سے لڑنا چاہتے ہیں۔ 2002ء اور 2013ء میں بھی عمران خان کو ہرایا تھا اور ابھی بھی ہوتے تو ان کو لوگوں کا نواز شریف سے پیار نظر آجاتا۔این اے 154 لودھراں میں تحریک انصاف کے امیدوار جہانگیر ترین اور مسلم لیگ ن کے امیدوار پیر رفیع الدین شاہ، عمیر بلوچ کے کاغذات نامزدگی منظور، پی پی کے مرزا ناصر بیگ کے کاغذات مسترد کردیے گئے