پھولنگر: تین روز میں سسر مر جائیگا، جعلی پیر کے دعوے پر خاتون نے صحافیوں کو بلا لیا، مشتعل بابا کی پھونکیں مار کر بھسم کرنیکی دھمکیاں، تھانہ میں وی آئی پی پروٹوکول

پھولنگر (نامہ نگار) تین روز میں سسر مر جائے گا۔ جعلی پیر کے دعویٰ پر متاثرہ خاتون نے صحافیوں کو بلا لیا جس پر بابا مشتعل ہوگیا۔ صحافیوں پر پھونکیں مارتا رہا، جلا کر بھسم کردوں گا۔ جلالی بابے کی دھمکیاں، مقامی پولیس نے موت کے سوداگر کو پکڑ کر سادہ لوح لوگوں کو لوٹنے کیلئے دوبارہ آزاد چھوڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں متھراداس میں بابا اشرف عرف عاشق نے ڈیرہ بنا رکھا ہے جہاں دور دراز سے خواتین اور مرد حضرات اپنے مسائل سے پریشان اس کے پاس آتے ہیں جن کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں کالے علم کے زور پر طلاق دلوانا، بھائیوں میں لڑائی جھگڑا کرانا، مخالف کا کاروبار بند کرنا، تین روز میں مخالف مارنا جیسے کام کرانے کیلئے مجبور کرتا ہے اور اس کے عوض بکرا، بھینس اور ہزاروں روپے وصول کرتا ہے اور یہ سارے کام تین روز میں کرنے کی گارنٹی دیتا ہے۔ پھولنگر کی رہائشی (ن) نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ وہ چند روز قبل بابے کے پاس آئی کہ میرا سسر مجھے ناحق تنگ کرتا ہے کوئی ایسا عمل بتا دیں کہ میرا سسر مجھے تنگ نہ کرے۔ بابا اشرف نے پرانی قبر سے کنکریاں، سوئیاں، کالے مسر وغیرہ لانے کا کہا اور بتایا کہ تین دن بعد تمہارا سسر اس دنیا میں نہ ہوگا۔ یہ سن کر میں نے احتجاج کیا کہ یہ ٹھیک نہیں مگر وہ نہ مانا اور بکرے کی ڈیمانڈ کر ڈالی۔ تھانہ صدر پولیس کو جعلی پیر کیخلاف درخواست دیئے 5روز گزر گئے مگر تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی گئی۔ الٹا اے ایس آئی قاسم جعلی بابے کو تھانہ میں وی آئی پی پروٹوکول دے رہا ہے۔ متاثرہ خاتون نے وزیراعلیٰ شہباز شریف، آئی جی پنجاب اور ڈی پی او قصور سے جعلی بابے کیخلاف سخت کارروائی کرنے اور فرائض میں غفلت پر تھانہ صدر پولیس کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن