کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ساحلی شہر جیونی ایئرپورٹ پر حملے میں ملوث کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے 8مشتبہ دہشت گردوں کو گوادر اور جیونی میں سرچ آپریشن کے دوران گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مشکے میں کارروائی کے دوران جھڑپ میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ فرنٹیئر کور (ایف سی)کے ترجمان کے مطابق حساس اداروں اور ایف سی نے گوادر اور جیونی میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 8 مشتبہ دہشت گرد گرفتار کرلیے۔ایف سی ترجمان کے مطابق گرفتار شدگان جیونی ایئرپورٹ پر حملے اور ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث ہیں۔گرفتار ملزموں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔یاد رہے کہ گذشتہ ماہ جیونی میں ایک غیر فعال ایئر پورٹ پر مسلح دہشت گردوں کے حملے میں ایک انجینئر جاں بحق ہو گیا تھا جبکہ ایک اہلکار کو اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔دوسری طرف مشکے میں ایک کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے۔ علاوہ ازیں قلعہ سیف اللہ کے علاقے مسلم باغ میں انسداد منشیات فورس نے کارروائی کرکے 3 ہزار 534 کلو گرام افیون برآمد کر لی۔ ملزمان کے قبضے سے ایک ہزار 789 کلو گرام نشہ آور کیمیکل بھی برآمد کیا گیا ہے۔ اے این ایف کے مطابق برآمد منشیات کی عالمی مارکیٹ میں اربوں روپے ہے۔
گوادر : فورسز کا آپریشن، جیوانی ائرپورٹ پر حملے میں ملوث8 دہشت گرد گرفتار، مشکے میں 2 مارے گئے
Sep 16, 2015