کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کا پوری قوت سے خاتمہ کریں گے: شہباز شریف

Sep 16, 2015

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 341 ارب روپے کے تاریخ ساز ریلیف پیکیج کا اعلان کر کے کاشتکاروںاورکسانوں کو ان کا حق دے دیا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں آج تک کسی بھی حکومت نے کاشتکاروں کیلئے ایسے تاریخ ساز ریلیف پیکیج کا اعلان نہیں کیا، اتنے بڑے کسان دوست پیکیج کا کریڈٹ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے۔ یہ پیکیج کاشتکاروں کے دل کی آواز ہے۔ بلاشبہ تاریخی پیکیج سے کاشتکاروں کو حقیقی معنوں میںریلیف ملے گا اورشعبہ زراعت کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کیلئے یہ پیکیج ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ شعبہ زراعت کی ترقی اور کاشتکاروںکے مسائل کے حل کیلئے مجموعی طورپر 341 ارب روپے کے تاریخی ریلیف پیکیج سے زرعی شعبے میں انقلاب برپا ہوگا اور 147ارب روپے کا براہ راست فائدہ ملنے سے چھوٹے کاشتکاروں کے مسائل حل ہوں گے۔ یہ پیکیج شعبہ زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کو ر یلیف کی فراہمی میں اہم کردارادا کرے گا۔پاکستان مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے ہمیشہ کاشتکاروں کے مفاد ات کا تحفظ کیا ہے اورآئندہ بھی کرتی رہے گی۔ کسانو ںکی بہتری، فلاح وبہبود، ان کے مفادات کا تحفظ اور زراعت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اوراس مقصد کیلئے یہ پیکیج ایک انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس میں چھوٹے کسان کے مفادات کو مقدم رکھا گیا ہے۔ زرعی شعبہ معیشت کی ترقی میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ زراعت ترقی کرے گی تو پاکستان آگے بڑھے گا اوراسی مقصد کے پیش نظر وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے زراعت کی ترقی اورکاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے ایک جامع اورتاریخی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ہمیشہ کاشتکاروں کے مفادات اورحقوق کا تحفظ کیا ہے اورکاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دیہی معیشت کی ترقی اورخوشحالی کیلئے ’’خادم پنجاب دیہی روڈ ز پروگرام‘‘ پر تیزرفتاری سے عملدر آمد کیا جارہا ہے۔ 150ارب روپے کی خطیر رقم سے اگلے تین برس کے دوران پنجاب کی دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے کام کو مکمل کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہبازشریف کی زیر صدارت گذشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال اورنیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات پر عملدرآمد پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ملتان میں ہونے والے دھماکے کی ابتدائی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملتان دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے س فاک قاتل اپنے عبرتناک انجام سے دو چار ہونگے۔ پنجاب حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن وامان کی فضاء کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔ امن عامہ کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور امن وامان کی بہتری کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جا رہاہے۔ دہشت گردی وانتہاپسندی کے خاتمے کیلئے قومی اتفاق رائے سے طے کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے میں بروقت اورموثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کے انتہائی حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں۔ امن وامان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح اور ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں ہر ضروری اقدام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی، انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے۔ دہشت گردی،انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کے خلاف ہر محاذ پر فیصلہ کن جنگ لڑی جارہی ہے۔ موجودہ حالات ہنگامی اقدامات کے متقاضی ہیں اور اس صورتحال کے تناظر میں پولیس کو اپنے فرائض جانفشانی اور محنت سے سرانجام دینا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب بھر میں مساجد، امام بارگاہوں اور عبادتگاہوں کی سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ناصرف اضافی نفری تعینات کی جائے بلکہ حساس مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوںنے کہاکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں موثر انداز میں سرچ آپریشن مزید تیز کئے جائیں۔ سرچ آپریشن کے دوران جدید ٹیکنالوجی سے بھرپوراستفادہ کیا جائے۔ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوںنے کہاکہ صوبے میں کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کا پوری قوت سے قلع قمع کیا جائے گا اور دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لئے بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ وطن عزیز کے امن کیلئے اپنی زندگیاں نچھاور کرنے والے18کروڑ عوام کے ہیروہیں۔ شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشت گردی کے ناسور کاخاتمہ کر کے دم لیں گے اور پرامن معاشرے کی تشکیل کے لئے دہشت گردی او رانتہاء پسندی کوجڑسے اکھاڑ پھینکیں گے۔ آئندہ نسل کو پرامن اورمحفوظ پاکستان دینے کا وعدہ پورا کریں گے۔ پاک فوج کے کامیاب آپریشن سے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے گذشتہ روز کمانڈنٹ پاکستان نیوی وارکالج اور کمانڈر سنٹرل پنجاب رئیر ایڈمرل عبدالعلیم نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور پیشہ وارانہ معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ مزید براں شہباز شریف نے اسلام پورہ میں ڈور پھرنے سے 35 سالہ شخص کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ شہباز شریف نے شیخوپورہ کے ایک نجی ہسپتال میں آپریشن کے دوران ماں اور بچے کے جاں بحق ہونے کی خبر کا بھی نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے۔

مزیدخبریں