لاہور (کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریو نیو کے لارجر ٹیکس پیئر یونٹ ( ایل ٹی یو) لاہور نے حسیب وقاص شوگر ملز اور عبد اللہ شوگر ملز کیخلاف فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی عدم ادائیگی پر کارروائی شروع کردی۔ دونوں شوگر ملز کے ذمہ مالی سال 2014-15ء کیلئے مجموعی طور پر 26.7کروڑ روپے کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی واجب الادا ہے جس میں سے حسیب وقاص شوگر ملزکے ذمہ 11.3اور عبد اللہ شوگر ملزکے ذمہ 15.4کروڑ روپے بنتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان شوگر ملوں کی جانب سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی عدم ادائیگی پر 17مارچ 2015ء کو دو ایف آئی آرز نمبر 1/2015اور 2/2015 درج کرائی گئی تھیں۔ ایل ٹی یو کے ذرائع کے مطابق پیر کی شب ایل ٹی یو کے ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ عمر ریاض کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے مذکورہ شوگر ملوں کے ڈائریکٹرز کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تاہم کوئی گرفتار ی نہ ہو سکی۔ پہلا چھاپہ حسیب وقاص شوگر مل کے دفتر ایف 6ماڈل ٹائون پر مارا گیا جبکہ دوسرا چھاپہ ایچ بلاک ماڈل ٹائون میں مذکورہ شوگر ملوں کے ڈائریکٹرز کی رہائشگاہ پر مارا گیا۔ صاحبزادہ عمر ریا ض کی سربراہی میں عبد اللہ شوگر ملزاور حسیب وقاص شوگر ملز کے ڈائریکٹروں کی گرفتاری کیلئے فیصل آباد میں بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے ایل ٹی یو لاہور نے سپیشل جج کسٹم کی عدالت سے ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 26.7 کروڑ روپے کی خرد برد کے الزام میں ان شوگر ملوں کے ڈائریکٹرز کے وارنٹ گرفتاری حاصل کئے تھے اور وارنٹ کے اجراء کے بعد ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ ان ملوں کے ڈائریکٹروں میں مصطفی رضا، میاں حسیب الیاس، میاں وقاص الیاس، حافظ عرفان بٹ، بریگیڈئیر (ر) محمد اکرم اور سید اکرم بخاری شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کسٹم عدالت نے ملزمان کیلئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں تاکہ ملزمان ضمانت کرا کے تفتیش میں شامل ہوسکیں۔ عدالت کی جانب سے 28 ستمبر تک وارنٹ کی تعمیل کے احکامات جاری کئے گئے ہیں اگر اس دوران مذکورہ شوگر ملوں کے ڈائریکٹرز کی گرفتاری عمل میں نہ آئی یا وہ شامل تفتیش نہ ہوئے تو انہیں اشتہاری قرار دلوانے کیلئے دوبارہ عدالت سے رجوع کیا جائیگا۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے کہا ہے کہ کسی بھی غیرقانونی کارروائی پر حکومتی ادارے ایکشن لیں گے۔ حکومت ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر قانون پر عمل کریگی اور اس حوالے سے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائیگی۔ شریف خاندان کے بزنس کا حسیب وقاص شوگر ملز سے کوئی تعلق نہیں۔
ایکسائز ڈیوٹی عدم ادائیگی، حسیب وقاص، عبداللہ شوگر ملز کے ڈائریکٹرز کی گرفتاری کیلئے چھاپے
Sep 16, 2015