لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹر نیشنل ٹینس فیڈریشن کے ایشیا کے سینئر ڈویلپمنٹ آفیسر سریش مینن 21 سے23 ستمبر کے دوران پاکستان کا دورہ کرینگے۔ اپنے دورہ میں صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن سلیم سیف اللہ خان اور دیگر عہدےداران سے ملاقات کریں گے۔ سریش مینن کا پاکستان کا دورہ خاص طور پر یہاں جونیئر ڈویلپمنٹ پروگرام اور کوچز ایجوکیشن کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیالات کرنا ہے۔ان کے دورے کے دوران انکو لاہور اور کراچی میں جاری جونیئرز کے پروگرامز اور اس سلسلے میں درپیش مسائل سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔ان کے دورے کے دوران سرخ فوم بال کا ٹورنامنٹ کا پہلی بار آغاز بھی کیا جائے گا۔یہ ٹورنامنٹ نارمل کورٹ سے نصف حصہ پر کھیلا جاتا ہے اور بڑے سائز کی فوم بال استعمال کی جائے گی۔ پاکستان میں سبز سافٹ بال سے انڈر10ٹورنامنٹ اس سال جنوری سے ہر قومی ٹورنامنٹ کے لئے لازمی کر دیئے گئے ہیں۔