اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم نواز شریف سے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل نے ملاقات کی اور پن بجلی کے مختلف منصوبوں کی پیشرفت کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام منصوبے مقررہ وقت پر مکمل ہوں گے اور پن بجلی کے بڑے منصوبوں سے نہ صرف بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو گی بلکہ اس سے زراعت اور صنعت کو فائدہ ملنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ ہمارا مقصد ہے کہ بجلی نہ صرف وافر ہو بلکہ صارفین کو سستی بھی ملے۔ واپڈا ملک میں پانی کے ذخائر بنانے کے کام کو تیز کرے۔ انہوں نے واپڈا کے تمام منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پن بجلی پیدا کرنے کے لیے دوسرے مقامات کی بھی نشاندہی کی جائے۔ دریں اثناءوزیراعظم کی صدارت میں کابینہ کی انرجی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنی حکومت کی میعاد کے اندر لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے وعدے کو پورا کریں گے۔ کئی منصوبوں میں تاخیر کی وجہ کا فوری تجزیہ کیا جائے اور اسے وقت پر مکمل کرنے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں اور شفافیت کو بھی یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین واپڈا نے 966 میگا واٹ کے نیلم جہلم منصوبے کی پیشرفت کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کا پہلا یونٹ فروری 2018ءمیں جبکہ باقی یونٹ گرمیوں سے قبل بجلی پیدا کرنا شروع کر دیں گے۔ جبکہ تربیلا ڈیم کے چوتھے توسیعی منصوبے کا پہلا یونٹ 14 اگست 2017ءکو تیار ہو گا۔ وزیراعظم نے چیئرمین واپڈا کی کارکردگی کی تعریف کی۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ ایل این جی منصوبوں سے 2017ءاور مارچ 2018ءتک کافی مقدار میں بجلی ملنا شروع ہو جائے گی۔ چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ 1000 میگا واٹ کے منصوبے وزیراعظم کی جانب سے افتتاح کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ گرمیوں میں مئی تک 3 ہزار میگا واٹ بجلی اضافی ہو جائے گی۔ علاوہ ازیں مراکش کے سبکدوش ہونے والے سفیر مصطفی صلاح الدین نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے فیصلہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے حوالے سے کشمیری حریت رہنماﺅں سے تجاویز لیں گے۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے نیو یارک روانگی سے قبل آج جمعہ 16 ستمبر کو آزاد کشمیر کے دارالحکومت کا مظفر آباد کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم ہاﺅس کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف 17 ستمبر کی صبح نیو یارک کے لیے روانہ ہوں گے۔ 21 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
نواز شریف