اسلام آباد (اے پی پی+ آئی این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے باجوڑ ایجنسی میں پاک فوج کے جوانوں اور قبائلی عمائدین کے ساتھ نماز عید ادا کی۔ اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علاقے میں مکمل امن بحال اور نظم و نسق سول انتظامیہ کے حوالے کرنے تک پاک فوج قبائلی علاقوں میں موجود رہے گی۔ آئی این پی کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے قبائلی عوام کے ساتھ گھل مل گئے اور قبائلی عمائدین سے بھی ملاقاتیں کیں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے عید کا پہلا دن باجوڑ ایجنسی میں پاک فوج اور ایف سی کے جوانوں کے ہمراہ گزارا اور عید کی نماز بھی وہیں ادا کی۔ آرمی چیف نے اس موقع پردہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کی کامیابیوں کا جائزہ لیا جبکہ نقل مکانی کرنے والے قبائلی عوام کی بحالی کے امور پر بھی انہیں بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے پاکستان افغان بارڈر پر بارڈر مینجمنٹ کو مزید بہتر بنانے کا بھی جائزہ لیا۔ اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ ملکی سالمیت اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کے جوانوں نے جو قربانیاں دی ہیں انہیں پوری قوم سراہتی ہے اور اسی وجہ سے عید کے دن آج وہ جوانوں کے ہمراہ موجود ہیں اور ان کی قربانیوں کی خدمات کا اعتراف کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا قبائلی عوام نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں جو قربانیاں دی ہیں وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور انہیں جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اس پر قبائلی عوام کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے۔ قبائلی عوام نے امن اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا قبائلی عوام آخری دہشت گرد کے خاتمے تک فورسز کا ساتھ جاری رکھیں۔ ترقیاتی عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا پاک فوج امن کی مکمل بحالی تک علاقے میں موجود رہے گی اور اس کے بعد مقامی انتظامیہ کو میکنزم بننے کے بعد کنٹرول دیا جائے گا۔ قبائلی عمائدین نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں اور امن کی بحالی میں پاک فوج کے کردار کو سراہا اور آرمی چیف کو مبارکباد دی اور انہیں یقین دلایا کہ قبائلی محب وطن عوام کسی بھی دہشت گرد کو اپنے علاقے میں داخل نہیں ہونے دیں گے اور وہ اس بات کی ذمہ داری لیتے ہیں اپنے علاقوں میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے تعاون جاری رکھیں گے۔
آرمی چیف