ملتان : جناح پارک میں جھولا ٹوٹ گیا‘ نوجوان جاں بحق آٹھ زخمی

Sep 16, 2016

ملتان (خبر نگار خصوصی) جناح پارک شاہ رکن عالم کالونی میں عید کے دوسرے روز جھولا ٹوٹنے سے ایک نوجوان جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔ حادثہ کے فوری بعد ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو نشتر ہسپتال کی ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا۔ نشتر میں رات گئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شدید زخمی ہونے والا نوجوان علی حسن دم توڑ گیا جبکہ تمام زخمی ہونے والے بھی نوجوان لڑکے ہیں جن میں ثواب خان‘ ارشد‘ مدثر‘ عقیل‘ جاوید‘ حماد‘ کرامت اور علی شامل ہیں۔ حادثہ کے بعد ڈی سی او نادر چٹھہ موقع پر پہنچ گئے۔ جھولا ٹوٹنے کے حوالے سے دو اہم باتیں سامنے آئی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ جھولے پر گنجائش سے زائد افراد بٹھائے گئے تھے دوسری یہ بات سامنے آئی ہے کہ جاں بحق و زخمی ہونے والے نوجوان کا جھولے کے آپریٹر سے جھگڑا ہوا جس میں آپریٹر نے جھولے کو تیزی سے چلایا پھر بند کرنے کے بعد جھٹکے دے کر چلایا جس پر جھولا ٹوٹ گیا۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جھولے پر 11 افراد کو بٹھانے کی گنجائش تھی اس پر 30 افراد کو بٹھایا گیا تھا۔ حادثہ کے فوری بعد وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او سے رپورٹ طلب کر لی اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ حادثہ کے بعد پی ایچ اے انتظامیہ نے ساری ذمہ داری ضلعی حکومت پر ڈالنے کی کوشش کرتی رہی۔ گزشتہ سال عید الاضحی کے موقع پر بھی اسی پارک میں جھولا ٹوٹا تھا۔ پی ایچ اے کے ترجمان کے مطابق جھولے کے آپریٹر کی غلطی کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ علاوہ ازیں ضلعی حکومت نے جناح پارک میں جھولا ٹوٹنے کے واقعہ کا مقدمہ شاہ رکن عالم تھانہ میں اے سی سٹی فاروق ڈوگر کی مدعیت میں ٹھیکیدار اور پی ایچ اے افسران سمیت 8 نامزد افراد کے خلاف درج کرا دیا ہے۔ پارک کے ٹھیکیدار میجر (ر) انور شہزاد‘ محمد اکرم‘ چوہدری لیاقت علی‘ انجینئر محمد حسین‘ آپریٹر بابر‘ ہیلپر‘ انجینئر مرزا زوہیب اور پی ایچ اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر مارکیٹنگ خرم جمیل کو مقدمہ میں ملزم نامزد کیا گیا ہے جبکہ پولیس نے 4 ملزمان خرم‘ زین شاہ‘ اکرم اور بابر کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ڈی سی او نے جناح پارک حادثہ کی تحقیقات کے لئے چار رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ آئی این پی کے مطابق حادثے میں زخمی افراد کے لواحقین نے الزام لگایا حادثہ جان بوجھ کرکیا گیا۔ پارک انتظامیہ نے ان کے ساتھ بڑی زیادتی کی ہے۔
جھولا ٹوٹ گیا

مزیدخبریں