مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگاڑا نے کہا ہے کہ الطا ف حسین اور ایم کیو ایم پاکستان کا ایک دوسرے سے الگ ہونا مشکل بات ہے

Sep 16, 2016

خیر پور (صباح نیوز)مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگاڑا نے کہا ہے کہ الطا ف حسین اور ایم کیو ایم پاکستان کا ایک دوسرے سے الگ ہونا مشکل بات ہے، خدا فاروق ستار پر رحم کرے، دھرنے، جلسے، جلوس ہر پارٹی کا جمہوری حق ہے لیکن کسی کے گھر پر جانا نامناسب ہے، عوام تبدیلی چاہتے ہیں تو اس کے لیے عوام کو خود نکلنا ہوگا۔ سید صدر الدین شاہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیر پگاڑا نے کہا کہ خدا منظور وسان کی زبان قبول کرے جنہوں نے کہا تھا کہ چند دنوں میں عوام سکھ کا سانس لیں گے۔ راحیل شریف کی مدت میں اضافہ کرنا نواز شریف کا کام ہے مگر راحیل شریف خود نہیں چاہتے کہ ان کی ملازمت میں توسیع ہو۔ راحیل شریف بہت اچھا کام کر رہے ہیں لیکن یہ کام چار پانچ سال پہلے ہوتے تو اور بھی اچھا ہوتا۔ پاکستان کو بیرونی خدشات لاحق ہیں جس کے ثبوت بھارتی جاسوس کا پکڑا جانا ہے،پاکستان نہ چھوٹا ملک ہے اور نہ ہی پاکستانی فوج کمزور ہے۔ 1990 سے لے کر پاکستان کے خلاف سازشیں ہورہی تھیں اور اب وہ باتیں کھل رہی ہیں، جس طرح جمہوریت کی گاڑی چل رہی ہے سمجھ سے بالاتر ہے، پانامہ لیکس پر نواز شریف کی اولاد اور نواز شریف کے بیانات میں تضاد ہے۔
پیر پگاڑا

مزیدخبریں