نوشہرہ (آئی این پی) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ احتساب مارچ رائیونڈ کو اوچھے ہتھکنڈوں سے روکنا اور صوبائی اسمبلی پر چڑھائی کر کے مسلم لیگ (ن) نے انتہائی غیر جمہوری غیر اخلاقی غیر قانونی اقدام اُٹھایا ہے۔ اس شرمناک حرکت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ صوبائی اسمبلی میں توڑ پھوڑ کرنے اور اسمبلی کی عمارت کی بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کرےںگے۔ اسمبلی کی دیواروں پر چڑھنا، جھنڈے گاڑنا اور توڑ پھوڑ کرنا اس سے مسلم لیگ (ن)کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے۔ جمہوریت کے دعویداروں نے خود غیر جمہوری اقدامات کئے، پرویز رشید دوست ہیں مگر وہ ہمیشہ کرسی بچانے کے لیے جھوٹ بولتے ہیں۔ ہم رائیونڈ نواز شریف کے گھر کا گھیرا¶ کرنے نہیں جارہے ہیں ہم تو رائیونڈ لاہور میں احتجاج کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آبائی گاﺅں مانکی شریف میں میڈیا سے بات چیت میں کیا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے ہمیشہ پارلیمنٹ کی بالادستی کے دعوے کیے مگر افسوس ہے کہ وہ دوسروں پر الزامات لگاتے ہیں مگر ہمیشہ خود پارلیمنٹ، اسمبلیوں اور سپریم کورٹ کے تقدس کو پامال کیا ہمارے جتنے بھی جلسے ہوئے ہے ان میں شیشہ تک نہیں ٹوٹا ان کے کردار پر افسوس ہے ان کو ایسا سبق سکھائیں گے کہ آئندہ کوئی بھی ایسی حرکت نہ کرسکے۔ عمران خان اکیلا ہی نوازشریف کے لیے کافی ہے ہم نہ تو کسی کی منت کرتے ہیں کہ ہمارے احتجاج میں شریک ہو اور نہ کریں گے تحریک انصاف کے پاس عوام کی قوت ہے اور سٹریٹ پاور بھی ہے اور اکیلے پورا لاہور بند کرسکتے ہیں۔
پرویز خٹک
احتجاج کیلئے کسی کی منت نہیں کرتے نواز شریف کیلئے عمران ہی کافی ہیں: پرویز خٹک
Sep 16, 2016