چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں کشمیر پر کوئی بات نہیں ہو گی۔ میاں صاحب سیر کرنے امریکہ جا رہے ہیں۔ اتوار کو تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو بلایا ہے اتوار کو رائے ونڈ جانے کی تاریخ کا اعلان کروں گا، شیخ رشید ہمارے ساتھ ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کا ابھی تک انصاف نہیں ملا اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے لوگ انصاف کا انتظار کر رہے ہیں۔ کوئی ایک ادارہ بتا دو جو مشرف دور سے بہتر کام کر رہا ہو۔ ہمارے اور دیگر ممالک کی جمہوریت میں واضح فرق ہے۔ حکمران اداروں کو تباہ کر رہے ہیں کرپشن کے پیسوں سے اداروں کو خریدا جا رہا ہے۔ اپنا ضمیر نہ بیچنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ابرار الحق کا گانا قوم کی آواز ہے۔ ہر کوئی کہہ رہا ہے ظالما! ہمارا پیسہ لوٹا دے۔ تحریک انصاف وہ کام کر رہی ہے جو جمہوریت میں کیا جاتا ہے۔ انتخابی دھاندلی پر سب سے پہلے تحقیقات کا مطالبہ صرف ہم نے کیا بعد میں دیگر جماعتوں نے بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا اب بھی تمام جماعتیں پانامہ لیکس پر تحقیقات کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ تمام سیاسی جماعتیں احتجاج کر رہی ہیں یہ سولو فلائیٹ نہیں۔انہوں نئے کہا کہ وزیراعظم پر کرپشن کے کیسز ہیں نام ای سی ایل میں ڈالنا چاہیے تھا۔ کوشش ہے مارچ میں کوئی اور جماعت بھی شامل ہو جائے۔ رائے ونڈ جانے کیلئے پوری پارٹی کو فعال کر رہے ہیں رائے ونڈ مارچ سے متعلق ابھی مزید اجلاس ہونے ہیں۔ ہم محرم الحرام سے قبل مارچ کرنا چاہتے ہیں۔ طاہر القادری کو انصاف نہیں ملا ہم طاہر القادری کے ساتھ ہیں۔ مشرف کی ڈکٹیٹر شپ اور نواز شریف کی جمہوریت میں کوئی فرق نہیں ہے۔