کشمیر یوں کی تحریک آزادی کو طاقت سے نہیں دبایا جاسکتا،جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کروں گا: نواز شریف

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیاجائے گااورمختلف ممالک کے سربراہوں سے ملاقاتوں میں بھی کشمیر ایشو پربات کرونگا، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم اور بربریت کی انتہا ہو چکی ہے، کشمیر ی عوام کی تحریک آزادی کو طاقت سے نہیں دبایا جاسکتا، تحریک آزادی کا سورج ضرور طلوع ہو گا۔انہوں نے یہ بات حریت کانفرنس کے رہنماو¿ں سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کہی۔صدر آزاد کشمیر مسعود خان اور وزیراعظم راجہ فاروق حیدر بھی ملاقات میں موجود تھے۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ کشمیری انصاف اور حق خودارادیت کا مطالبہ کرتے ہیں،کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو عالمی برادری تسلیم کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کا وعدہ پورا کرے،پاکستان کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی تحریک آزادی کا سورج ضرور طلوع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ طاقت سے ایسی تحریکوں کو نہیں دبایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کو مٹنا اور حق کی فتح ہونی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی سفارتی ، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے اورمسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔حریت رہنماو¿ں نے دورہ امریکہ سے قبل اعتماد میں لینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف جب مظفر آباد پہنچے تو آزاد کشمیرکے صدر مسعود خان ، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے ان کا استقبال کیا، آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر اوراعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید، وفاقی وزیر برائے امور کشمیرچوہدری برجیس طاہر، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امورطارق فاطمی اوروزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی بھی ہمراہ تھے۔
وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملاقات
 بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔ جس میں اندرونی اور علاقائی سلامتی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے عسکریت پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو جاری رکھنے کے عزم اور ملک میں سلامتی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے مسلح افواج کی کوششوں کی تعریف کی۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے سلسلے میں بھی مشاورت کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن