وزیر اعظم نے اثاثے چھپائے، نااہل قرار دیا جائے، افتخار چوہدری کی لاہور ہائیکورٹ میں درخواست

 پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے سر براہ جسٹس (ر) افتخار احمد چوہدری نے وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیت کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی مشاورت سے پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی نے مدثر چودھری کی وساطت سے وزیراعظم کی نااہلی کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا نواز شریف آئین کے آرٹیکل 63 کی دفعہ 2 پر پورا نہیں اترتے۔ نواز شریف نے لند ن میں جائیدادیں بنائیں اور گوشواروں میں ظاہر نہیں کیں۔ درخواست میں مزید کہا گیا نوازشریف کی نااہلی کے لیے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو ریفرنس بھی دائر کیا مگرشنوائی نہیں ہوئی اور سپیکر نے ریفرنس پر اعتراض لگا کر واپس کر دیا۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی، سپیکر قومی اسمبلی کا حکم کالعدم قرار دے اور آئین کے آرٹیکل 63 کی دفعہ 2 کے تحت نواز شریف کو نااہل قرار دیا جائے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کی درخواست 460 صفحات پرمشتمل ہے جس میں سپیکر، الیکشن کمشن، نواز شریف اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن