لندن (بی بی سی) خلائی جہاز کیسینی زحل سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا ہے۔ سائنس دانوں نے اس جہاز کا رُخ اس طرح سے متعین کیا تھا کہ وہ زحل سے ٹکرا جائے۔ کیسینی کا ایندھن ختم ہو گیا تھا اور امریکی خلائی ادارے ناسا نے فیصلہ کیا کہ اسے ادھر ادھر بھٹکنے کیلئے چھوڑنے سے بہتر ہے کہ اسے زحل سے ٹکرا کر ختم کر دیا جائے۔ خلائی جہاز سے سگنل مقررہ وقت پر آنا بند ہو گئے۔ کیلیفورنیا میں واقع مشن کنٹرول سینٹر کے مطابق جہاز کو جی ایم ٹی کے مطابق 11:55 پر زحل سے ٹکرانا تھا۔ سگنل بند ہونے کا مطلب یہ ہے کہ جہاز سیارے کی فضا میں داخل ہونے کے چند سیکنڈ کے اندر اندر تباہ ہو گیا۔ اس طرح ناسا کی تاریخ کے کامیاب ترین مشنوں میں سے ایک اختتام کو پہنچا۔ چار ارب ڈالر مالیت کا یہ مشن 13 برس پر محیط تھا۔ ٹکراتے وقت جہاز کی متوقع رفتار ایک لاکھ 20 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ تھی اور یہ سیارے کی فضا میں داخل ہونے کے ایک منٹ کے اندر اندر پاش پاش ہو گیا۔