لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ سلطنت شریفیہ کا شو ختم سپریم کورٹ کے فیصلے کرپشن کے خاتمہ کی طرف اہم پیشرفت ہیں، سانحہ ماڈل ٹاﺅن کیس بھی منطقی انجام کو پہنچے گا، قاتل اور لٹیرے انجام سے دوچار ہوکر رہیں گے۔ نظرثانی درخواستوں کے خلاف فیصلہ آنے کے بعد شریف خاندان احتساب عدالت میں پیش ہو۔ بدعنوانوں کے ساتھ وہی سلوک ہونا چاہئے ایسے کیسز میں جو دیگر عام شہریوں کےساتھ ہوتا ہے۔ شہدائے ماڈل ٹاﺅن کے ورثاءجسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنماﺅں کے ایک اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں کسی اور حکمران کو اتنا رسوا ہوتے نہیں دیکھا جتنا یہ لوگ ہو رہے ہیں مگر ان کی ڈھٹائی میں رتی برابر کمی نہیں آئی، نااہلی کافی نہیں لوٹ مار کی دولت کا خزانے میں واپس جمع ہونا ناگزیر ہے۔ عدلیہ مخالف مہم کا سختی سے نوٹس لیا جانا چاہیے ڈھیل کے نتائج تباہ کن نکلیں گے۔ سپریم کورٹ کے معزز ججز بھی اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ عدلیہ مخالف مہم کی سرپرستی نواز شریف اور اسحاق ڈار کر رہے ہیں لہٰذا اس پرکڑی گرفت ہونی چاہیے۔ ہمیں خوشی ہے کہ ظالموں کا احتساب شروع ہوگیا ہے، ان ظالموں کو جو ادارہ یا فرد ریسکیو کرنے کی کوشش کر ے اسے بھی عبرت کا نشان بننا چاہئے۔