اسلام آباد ( وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممبر اےڈمنسٹرےشن سی ڈی اے یاسر پیرزادہ کو ممبر ایڈمن سی ڈی اے تعینات کرنے کے خلاف درخواست پر وفاق، سی ڈی اے، کابینہ اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے رانا ندیم انورکی درخواست پر سماعت کی تو حافظ یاسر عرفات ایڈووکیٹ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ یاسر پیرزادہ ان لینڈ ریونیو سروس کے ایک جونیئرآفیسر ہیں۔ انہیں غیر قانونی طور پر وفاقی حکومت کی منظوری کے بغیر ممبر ایڈمن لگایا گیا جو کہ سی ڈی اے آرڈیننس کی بھی خلاف ورزی ہے۔ یاسر پیرزادہ مطلوبہ اہلیت اور تجربہ نہیں رکھتے۔ لہذا یاسر پیرزادہ کی بطور ممبر ایڈمن سی ڈی اے تعیناتی کو غیر قانونی قرار دے کر انہیں وصول کی گئی تنخواہ اور مراعات واپس کرنے کا حکم دیا جائے ۔