نیب نے بابر غوری سمیت 8 ملزموں کیخلاف ریفرنس دائر کردیا، گرفتار کرکے پیش کیا جائے: احتساب عدالت

Sep 16, 2018

کراچی (صباح نیوز) نیب نے ایم کیو ایم کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر بابر غوری سمیت 8 افراد کیخلاف کرپشن کا ریفرنس دائر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیر بابر غوری کیخلاف اربوں روپے کی کرپشن کا ریفرنس کراچی کی احتساب عدالت میں دائر کیا جسے عدالت نے سماعت کیلئے منظور کرلیا۔ احتساب عدالت نے بابر غوری کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔ نیب کی جانبسے بابر غوری اور سابق چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ جاوید حنیف سمیت 8 ملزمان کو بھی ریفرنس میں نامزد کیا گیا۔ ریفرنس کے مطابق ملزمان پر 2012 میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کے پی ٹی 940 غیرقانونی بھرتیوں کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 2 ارب 88 کروڑ 55 لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا۔ واضح رہے کہ بابر غوری پیپلزپارٹی کے مخلوط دور حکومت میں وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ رہ چکے ہیں۔ ان کا شمار ایم کیو ایم کے دیرینہ رہنماﺅں میں ہوتا ہے اور وہ طویل عرصے سے بیرون ملک مقیم ہیں۔
ریفرنس

مزیدخبریں