اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم ہائوس کی جلد نیلام ہونے والی بھینسوں کا دودھ کم ہوگیا،باڑے میں5 نہیں 8 بھینسیں ہیں ۔ان بھینسوں کو جلد وزیراعظم ہائوس سے آزادی ملنے والی ہے ۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات ونشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید میڈیا ٹیم کو لے کر باڑے پر پہنچ گئے ۔میڈیا ٹیم نے بھینسوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔ ان 8 بھینسوں کو وزیراعظم ہائوس کے سابقہ گھوڑوں کے اصطبل میں رکھا گیا ہے ۔ بھینسیں نمائش کیلئے پیش کردی گئی ہیں۔یہ پنجاب نسل کی دیسی بھینسیں ہیں۔ گوالے ظفراقبال نے بتایا کہ ان بھینسوں کا دودھ کم ہوگیا ہے ۔ میڈیا ٹیم کے استفسار پر معلوم ہوا کہ یہ بھینسیں معزول وزیراعظم نوازشریف کے دور میںایک وقت میں 5سے 6لٹر فی بھینس دودھ دیتی تھی جو کم ہوکر ساڑھے تین سے چار لٹر رہ گیا ہے ۔ اس کی گوالے نے بھی تصدیق کی۔