اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان کے وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں اور دونوں ملکوں کی بقا و استحکام ایک دوسرے کے ساتھ اچھے اور خوشگوار تعلقات میں مضمر ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان افغانستان کے ساتھ تعلقات کو نہایت اہم سمجھتے ہیں اور وہ افغانستان کے ساتھ ایک خوشگوار، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کی بنیاد رکھنا چاہتے ہیں۔ یہی ذمہ داری وزیر خارجہ کو دی گئی ہے تاکہ غلط فہمیوں کا ازالہ ہو اور دونوں ملکوں کے باہمی حل طلب معاملات جلد از جلد حل ہو جائیں۔"نورالحق قادری نے مزید کہا کہ "بعض معاملات کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان بد اعتماد ی کی فضا ہے لیکن دونوں ممالک کے رہنما اور سیاستدان اور عہدیدار آپس میں بات چیت سے ان معاملات کو حل کر سکتے ہیں۔