لاہور(سپورٹس ڈیسک )انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ساتھ 2015 کی ایشز سیریز کے دوران آسٹریلین کھلاڑی نے بدسلوکی کی اور انہیں عالمی دہشت گرد اسامہ بن لادن سے تشبیہ دیتے ہوئے اس نام سے پکارا تھا۔معین علی نے اپنی سوانح حیات میں کسی کھلاڑی کا نام لیے بغیر لکھا کہ ’ایک آسٹریلین کھلاڑی میری طرف متوجہ ہوا اور کہا کہ، یہ لو اسامہ۔میں یقین نہیں کرسکتا تھا جو میں نے سنا، اتنا یاد ہے کہ یہ الفاظ سن کر میں شدید غصے میں آگیا تھا۔ واقعے کے بارے میں چند لوگوں کو بتایا جس کے بعد انگلینڈ ٹیم کے کوچ ٹریور بیلس نے آسٹریلوی کوچ ڈیرن لیہمن کے سامنے یہ معاملہ اٹھایا۔کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے ریمارکس قابلِ قبول نہیں’ تحقیقات کے لیے انگلش کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا جائے گا۔