اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) انصار الامہ پاکستان کے رہنماء مولانا فضل الرحمن خلیل نے وفاق المدار س العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام ، ڈی چوک اسلام آباد میں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی بھارت کا گورباچوف ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی دنیا کی خاموشی یہ پیغام دیتی ہے کہ وہ کشمیریوں کو انسانیت کے دائرے سے باہر کی مخلوق سمجھتی ہے۔ مسئلہ کشمیر ایک متنازعہ ،انسانی و سیاسی مسئلہ ہے۔ اس وقت گورباچوف نے روس کے ٹکڑے بکھیرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی اور اب گوربا چوف مودی کے ہاتھوں ہندوستان کو ٹکڑے ٹکڑے ہوتے دنیا دیکھے گی۔ مسئلہ کشمیرصرف پاکستان کا ہی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ کشمیری ہمارے دلوں میں بستے ہیں۔ جب تک کشمیر حاصل نہیں ہو جاتا تکمیل پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام پر تشدد و بربریت کی بد ترین مثالیں قائم کر رہا ہے۔ ہندوستان کی اس ریاستی دہشت گردی پر پورے پاکستان میں اضطراب اور غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے دریغ انسانیت کا قتل ہندوستانی ریاست کے منہ پر بد نما داغ کے مترادف ہے۔ حق و انصاف کی پاداش میں اب تک ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔ ہم کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم و ستم کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مسلمانان کشمیرکی شہادتوں پر عالمی دنیا کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی دنیا کی خاموشی یہ پیغام دیتی ہے کہ وہ کشمیریوں کو انسانیت کے دائرے سے باہر کی مخلوق سمجھتی ہے۔ مسئلہ کشمیر ایک متنازعہ ،انسانی و سیاسی مسئلہ ہے۔ کرفیو،آنسو گیس اور پیلٹ گنز کے ذریعے وہاں کی غیورعوام کی آواز دبانا نا ممکن ہے۔ ہندوستان اگر خطے میں امن کا خواہش مند ہے تو اسے مسئلہ کشمیر کے سنجیدہ حل کی طرف آنا ہوگا۔