ملالہ کے شہر مینگورہ میں سکولوں کی کمی ،سینکڑوں بچیاں حصولِ تعلیم سے محروم

مینگورہ (این این آئی)ملالہ یوسفزئی کے شہر مینگورہ میں تعلیمی اداروں کی کمی کے باعث اس سال سینکڑوں بچیاں حصولِ تعلیم سے محروم رہ گئیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج سید شریف کے کالج میں اس سال دو ہزار 10 طالبات نے بی ایس کے مختلف پروگراموں میں داخلوں کیلئے درخواستیں جمع کرائیں تاہم سیٹوں کی کمی کے باعث صرف 3 سو 10بچیوں کو داخلہ مل سکا، جبکہ 17سو بچیاں اعلیٰ تعلیم سے محروم رہ گئیں۔وزیر اعلی خیبر پی کے اور ملالہ یو سفزئی کے ابائی علاقے سے تعلق رکھنے والی یہ طالبات سراپا احتجاج ہیں اور تعلیمی سلسلہ جاری رکھنا چاہتی ہیں۔طالبات کا کہنا ہے کہ ہم نے بہترین نمبر حاصل کیے ہیں، گریڈ ز بھی اچھے بنیں ہیں لیکن سیٹس کی کمی کے باعث ایڈمیشن نہیں مل رہا۔ڈسی سوات سید ثاقب رضا نے کہاکہ کوششیں کی جارہی ہیں کہ طالبات کے تعلیمی سلسلے کو جاری رکھا جائے۔

ای پیپر دی نیشن