رائے ونڈ (نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء چودھری خالد محمود گجر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں روایتی جنگ ہوئی تو اس کا اختتام ایٹمی جنگ پرہوگا جس کے نتائج بھیانک ہوں گے۔قطری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری کو خبر دار کردیا اور کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی کارروائیوں کے رد عمل کا الزام پاکستان پر لگا سکتا ہے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ، سنجیدہ مداخلت کریں تو مسئلہ کشمیر کے حل کی گارنٹی دی جاسکتی ہے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان جنگ میں پہل نہیں کرے گا، انہوں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد سے اب تک انہوں نے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی ہے لیکن بھارت پاکستان کی مذاکرات کی پیشکش کو غلط طریقے سے لے رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کریں گے، بھارت مقبوضہ وادی میں حکومتی ظلم و ستم سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگا رہا ہے، پاکستان کو خدشہ ہے کہ بھارت فروری کی طرح پاکستان میں پھر کوئی حرکت کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی کارروائیوں پر ردعمل کا الزام پاکستان پر لگاسکتا ہے۔
پاکستان نے ہمیشہ مسائل مذاکرات سے حل کرنے پرزوردیا:خالد محمودگجر
Sep 16, 2019