اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر قیصر خان دائودزئی نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختوانخواہ اور قبائلی علاقوں میںدیرپا امن کے قیام اور انھیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ان علاقوں میں لاکھوں نوجوان بے روزگار ہیں جنھیں ملازمت دینے کے لئے صنعتی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے روزگار کی فراہمی کے لئے کاروباری برادری کو مراعات دینا ہونگی تاکہ وہ اس علاقہ میں سرمایہ کاری پر آمادہ ہو سکیں۔قیصر خان دائودزئی نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ دو دہائیوں سے جاری دہشت گردی نے قبائلی علاقوں کے کمزور انفراسٹرکچر کو بہت نقصان پہنچایا ہے جبکہ بنیادی سہولیات فراہم کرنے والے بہت سے ادارے مفلوج ہو گئے ہیں جنکی فوری بحالی ضروری ہے۔حالات کو بہتر بنانے کے لئے نوجوانوں کوایسے مختلف ہنر سکھانے کی ضرورت ہے جن کی مقامی اور غیر ملکی مارکیٹ میں مانگ ہو جبکہ جن ہزاروں قبائلی نوجوانوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کر رکھی ہے انھیں بھی روزگار فراہم کیا جائے۔