اسلام آباد (نیٹ نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور ان کے وزراء نے خود نوازشریف کو باہر بھجوانے کا فیصلہ کیا اور آج کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف واپس آئیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نوازشریف کی حاضری سے استشنیٰ کی درخواست مسترد ہونے اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کی رپورٹس واضح ہیں۔ ہم پاکستان کے عوام کے سامنے رکھتے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نواز شریف پہلے بھی لندن سے آئے اور جیل گئے، علاج کرانا ان کا قانونی حق ہے، نواز شریف کے علاج میں تاخیر کرونا کی وجہ سے ہوئی ہے، وہ علاج کرانے کے بعد واپس آئیں گے اور عدالتوں کا سامنا کریں گے۔ تاہم رپورٹس واضح ہیں کہ نواز شریف کی صحت اس وقت اس قابل نہیں کہ وہ پاکستان آئیں۔ سابق وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سیاست کا اصل نقطہ قانون کی حکمرانی کا ہے۔ ہم جمہوری اقدار پر یقین رکھتے ہیں۔ پرویز مشرف کو بھی سزا ہوئی اور ہائی کورٹ نے ان کو بھی ریلیف دیا۔ جبکہ عدالت نے فیصلہ کیا اور نوازشریف کو علاج پر جانے کی اجازت دی تھی۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں دکھ یہ ہے کہ جب نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی تو حکومت نے کوئی مخالفت نہیں کی بلکہ حکومت کی جانب سے کوئی اختلافی دلیل نہیں آئی اور نواز شریف کو ہم نے نہیں عدالت نے اور حکومت نے بیرون ملک بھجوایا، وزیراعظم اور ان کے وزرا نے اس وقت تصدیق کی کہ نواز شریف واقعی بیمار ہیں لیکن آج کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف واپس آئیں۔