اسلا م آباد(نا مہ نگار)ملک بھر میں دینی مدارس کی رجسٹریشن کا عمل 25ستمبر سے شروع کیا جائے گا ،رجسٹرڈ مدارس اپنے طلبا کو دینی کے ساتھ قومی نصاب کے مطابق دنیاوی تعلیم دینے کے بھی پابند ہو ں گے ،حکومت مدارس جو ریاضی،سائنس اور انگریزی کے مضامین پڑھانے کے لیے دو اساتذہ کی تنخواہ ادا کرے گی۔وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے ذرائع کے مطابق تمام مذہبی فرقوںکے وفاقوں اور اتحاد تنظیم المدارس کے ساتھ ہو نے والے معاہدے کے تحت ملک بھر کی وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کا عمل 25ستمبر سے شروع ہو گا رجسٹریشن کے لیے چاروں صوبوں اور آزادکشمیر و گلگت بلتستان میں 6صوبائی دفاتر قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ ملک بھر کے تمام 127اضلاع میں بھی مدارس کی رجسٹریشن کے لیے ضلعی دفاتر قائم کر کے وہاں عملہ تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ ان دفاتر میں تعینات عملے کی رجسٹریشن کے حوالے سے خصوصی تربیت بھی کی گئی ہے ،ان دفاتر کو رجسٹریشن فارم فراہم کر دیئے گئے ہیں جبکہ رجسٹریشن کے لیے رابطہ کر نے والے مدارس کو مکمل معلومات اور رجسٹریشن کے عمل سے آگاہی بھی دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق رجسٹریشن فارم وزارت کی ویب سائیٹ پر بھی نوجود ہیں ۔