کراچی ( نیوزرپورٹر) جامعہ کراچی میں تدریس کے پہلے روز ہی سیکڑوں طلبہ نے امتحانات کی مخالفت کرتے ہوئے احتجاج کیا اور انتظامی عمارت کے اندر اور باہر نعرے بازی بھی کی ۔ کرونا وائرس کی وجہ سے6ماہ کے لاک ڈاؤن کے بعد منگل کوجامعہ کراچی کھلتے ہی سیکڑوں طلبہ نے انتظامی بلاک کے اندر احتجاج کیا۔ جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں زیر تعلیم طلبہ نے امتحانات نہ لینے کا مطالبہ کیا اور نعرے بازی کرتے رہے۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن کلاسز میں اساتذہ نے کچھ بھی نہیں پڑھایا صرف اسائمنٹ دیتے رہے اب امتحانات کیوں لے رہے ہیں جب باقاعدہ کلاسز نہیں ہوئیں تو فزیکل امتحانات بھی نہ لئے جائیں۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمو د عراقی کا کہنا تھا کہ جامعات کے حوالے سے طلبہ کو بغیر امتحانات کے پروموٹ کرنے کا کوئی قانون موجود ہی نہیں ہے۔ طلبہ کے عملی امتحانات 21ستمبر سے شروع ہونگے تاہم انہوں نے اِس بات کی یقین دہانی کرائی کہ جن طلبہ کے آن لائن ٹیسٹ ہوئے ہیں یا اسائمنٹ جمع کروائے جاچکے ہیں اْن کے نمبرز نتائج میں شامل کئے جائیں گے۔
جامعہ کراچی میں تدریس کا پہلا دن طلبہ نے امتحانات کی مخالفت کردی سینکڑوں طلبہ کا احتجاج
Sep 16, 2020